ابنا: لاہور کے علاقے گلبرگ کے حالی روڈ پر واقع جامع محمدی مسجد میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے زیراہتمام ’’شہدائے کوئٹہ کانفرنس‘‘ شروع ہوگئی، جس میں کوئٹہ بم دھماکوں اور دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونیوالے ہزارہ کمیونٹی کے شہداء کے لواحقین شریک ہیں۔ کانفرنس سے افتتاحی خطاب میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی سیکرٹری جنرل سکینہ مہدوی نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ اور دہشت گردی کے دیگر واقعات ملک و ملت کا نقصان اور ملک کے اندر بلاوجہ فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش ہے، جس کو پوری پاکستانی قوم نے ناکام بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام مسلمان خواہ وہ شیعہ ہیں یا سنی، متحد و متفق ہیں اور ہمیشہ متحد رہیں گے، اس حوالے سے اسلام و پاکستان دشمن قوتوں کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات کے خلاف کوئٹہ اور پاکستان بھر کے دھرنوں نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ تمام پاکستانی قوم متحد ہے اور جو ان دھرنوں میں نہیں آئے، اس سے بھی واضح ہوگیا کہ کون دہشت گردوں کا ساتھی ہے اور کون مظلوموں کے حامی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کے درمیان فرقہ واریت نام کی کوئی چیز نہیں، تمام مکاتب فکر کے لوگ اپنے اپنے عقائد کے مطابق زندگیاں گزار رہے ہیں اور ایک دوسرے کو برداشت بھی کرتے ہیں، البتہ ایک تکفیری گروہ ہے جو جہاں امام بارگاہوں کو نشانہ بناتا ہے وہیں وہ مزاروں اور درباروں پر بھی حملے کر رہے ہیں۔ کانفرنس کی صدارت مجلس وحدت مسلمین پاکستان ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی کر رہے ہیں، جبکہ علامہ عبدالخالق اسدی، علامہ ابوذر مہدوی، علامہ احمد اقبال رضوی، سید اسد عباس نقوی، مظاہر شگری، رائے ناصر عباس، رائے ماجد علی و دیگر رہنما بھی موجود ہیں۔
.......
/169